ٹرمپ عمران اور ٹرسٹ
15 جون 2023
محمد طارق خان
سابق امریکی صدر ٹرمپ کا نیویارک اٹارنی جنرل کے دفتر میں بیان ریکارڈ کیا گیا، جس میں ٹرمپ سے ان کے ٹرسٹ سے متعلق بھی سوالات کئے گئے۔ امریکی آئین میں پانچویں ترمیم کسی بھی ملزم کو یہ حق دیتی ہے کہ وہ خاموشی اختیار کرے، کسی سوال کا جواب یا کوئی ایسی تحریر یا دستاویز نہ دے جسے استغاثہ اپنے حق میں اور ملزم کے خلاف استعمال کرسکے، اپنا مقدمہ اور الزامات ثابت کرنا استغاثہ کا کام ہے، ٹرمپ نے اسی پانچویں ترمیم کا سہارا لیا اور اٹارنی جنرل دفتر کے کسی بھی سوال کا جواب دینے سے انکار کردیا۔
تاہم آپ ٹرسٹ کے متعلق اٹارنی جنرل آفس کے سوالات سے اندازا لگا سکتے ہیں کہ ہر ٹرسٹ کارِ خیر کے لئے نہیں بنایا جاتا، بسا اوقات ٹرسٹ کالا دھن چھپانے، ٹیکس چوری کرنے اور من پسند افراد کو نوازنے کے لئے بھی بنائے جاتے ہیں ۔۔
پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کو بھی ایسا ہی ایک ٹرسٹ بنا کر اربوں روپے کا کالا دھن ٹھکانے لگانے کے الزامات کا سامنا ہے۔
عمران کہتے ہیں ٹرسٹ بنایا تو کیا ہوا، ٹرسٹ نے یونیورسٹی بنائی تو کوئی جرم نہیں، مگر اس طرح کے گمراہ کن بیانات سے وہ اصل جرم کی پردہ پوشی کرتے ہیں۔
اصل جرم یہ کہ برطانیہ سے ملک ریاض سے منی لانڈرنگ کی مد میں ضبط شدہ 190 ملین پونڈ کی خطیر رقم جو پاکستان کے سرکاری خزانے میں آنی تھی، وہ انہوں نے غیرقانونی طور پر دوبارہ ملک ریاض کے حوالہ کی، تاکہ وہ سپریم کورٹ میں ایک اور مقدمہ میں ملک ریاض پر عائد جرمانے کی مد میں جمع کروائی جا سکے، اس طرح سرکاری خزانے کو 190 ملین پونڈ کا نقصان پہنچایا گیا اور ملک ریاض کو 190 ملین پونڈ کا فائدہ ۔۔۔
جس کے عوض ملک ریاض سے اربوں روپے کی زمین بطور عطیہ لی گئی اور یہ عطیہ وزیراعظم ہوتے ہوئے ایک ٹرسٹ بنا کر اسکے نام پر وصول کیا گیا اور پھر اس پر زمین پر عمارات بھی ملک ریاض نے بطور عطیہ تعمیر کروائیں۔
وزیراعظم ہوتے ہوئے ٹرسٹ بنانا، بورڈ آف ٹرسٹیز میں صرف خاندان کو رکھنا اور ایک ایسی کاروباری شخصیت سے اس ٹرسٹ کے لئے زمین اور عمارت لینا جسے آپ نے بطور وزیراعظم 190 ملین پونڈ کا فایدہ پہنچایا ہو، اور کابینہ سے ایک سربمہر لفافے میں ایک غیرقانونی معاہدے کی منظوری لینا ۔۔۔ یہ سارے عمل غیر قانونی ہیں، چاہے آپ نے اس کے عوض مسجد بنوائی یا مدرسہ یا یونیورسٹی ۔۔۔ عطیات رشوت اور ملنے والا فائدہ یا رقم غیر قانونی ہی متصور ہوں گے۔۔۔
یہ بات ٹرمپ کے اس کلپ کے حوالے سے ان لوگوں کو سمجھانی ہے جنہیں اس معاملے میں کچھ ابہام ہے۔
رہے یوتھیئے تو یوتھیوں کے لئے کسی دلیل اور ثبوت کی کوئی حیثیت نہیں اس لئے وہ اس پوسٹ سے دور رہیں ۔۔
آپ کا تبصرہ ہمارے لئے اہمیت رکھتا ہے۔